Published: 21-01-2023
پٹنہ: بھارتی ریاست بہار میں 2 خواتین پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 بینک ڈکیتوں کے عزائم ناکام بنادیے اور انھیں بھاگنے پر مجبور کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون پولیس اہلکاروں نے بینک پر ڈیوٹی کے دوران ڈکیتی کی ایک بڑی واردات کو بہادری سے ناکام بنادیا۔ بینک میں اسلحے سے لیس 3 ڈکیٹ داخل ہوئے اور سب سے پہلے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔بینک کے دروازے پر موجود 2 خواتین پولیس اہلکاروں نے بھی اسلحہ تان لیا جس پر ڈکیت جنھیں اس ردعمل کی توقع نہیں تھے، بوکھلا گئے۔ خواتین پولیس اہلکاروں کے پاس روایتی لمبی رائفل تھی جس کی وجہ سے پریشانی ہوئی اور ڈاکو فرار ہوگئے ورنہ وہ مقابلے میں مارے جاسکتے تھے۔اس پورے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے خواتین پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔ پولیس کی جانب سے بھی خواتین اہلکاروں کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔