Published: 22-01-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ کی سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کے ساتھ کرائم کے حوالے سے اہم میٹنگ‘ ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ نے سرکل افسران،ایس ایچ اوز کے ساتھ کرائم کے حوالے سے خصوصی میٹنگ کی۔جس میں ایس پی انویسٹی گیشن مزمل حسین،سرکل افسران، تمام ایس ایچ او زاور ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ڈی پی او گجرات نے زیر تفتیش مقدمات،مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری اور منشیات کے حوالے سے تمام افسران کی کارکردگی کا فرداًفرداً جائزہ لیا، انہوں نے ناقص تفتیش اور کاکردگی کے حامل افسران کو شوکاز نوٹسزجاری کئے جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے سرکل افسران ڈی ایس پی سٹی پرویز گوندل، ڈیس ایس پی کھاریاں میاں محمد ریاض،ڈی ایس پی صدر محمد اکرم کو تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے۔ ڈی پی او گجرات نے تمام افسران پر واضح کیا کہ بدمعاشی اور اسلحہ کلچر کسی صور ت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہ کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو انصاف اور تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، انصاف میں رکاوٹ اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے افسران کی محکمہ میں کو ئی جگہ نہ ہے،تمام افسران شہریوں کے ساتھ اپنے رویوں میں بہتری لائیں۔