Published: 23-01-2023
بیجنگ: چین میں 13 جنوری سے 19 جنوری کے درمیان کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار ہوگئی جب کہ یہ صرف وہ اموات ہیں جو اسپتالوں میں ہوئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ چین میں کورونا سے 60 ہزار اموات کی تصدیق کی گئی تھی جب کہ صرف جنوری میں ایک ہفتے کے دوران 13 ہزار اموات اسپتالوں میں ہوئیں۔ گھروں میں ہونے والی ہلاکتیں اس کے علاوہ ہے۔چین نے یہ نہیں بتایا کہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی عمریں کتنی ہیں اور کیا ان لوگوں نے ویکسینیشن کرائی تھی۔ خیال رہے کہ چین میں 65 سے زائد عمر کے لاکھوں افراد نے ویکسین نہیں لگوائی تھی۔دوسری جانب چین کے محکمۂ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی 80 فیصد آبادی کورونا میں مبتلا ہوچکی ہے۔عالمی قوتوں اور تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین میں کورونا کے ایک بار پھر پھیلاؤ اور اس سے ہونے والی اموات کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوگی۔اس خدشے کو اس بات سے بھی تقویت ملتی ہے کہ چین نے کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی کیٹیگری میں تبدیل کی تھی اور صرف کورونا کی وجہ سے سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والوں کو شامل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ چین میں نئے سال کی آمد پر ہونے والی تعطیلات اور اس دوران تقریبات میں لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت سے مہلک وائرس کے مزید تیزی سے پھیلنے کے امکانات ہیں۔