Published: 23-01-2023
غازی آباد: بھارتی ریاست اترپردیش میں شوہر نے اپنی بیوی کے آشنا کا گلا گھونٹ کر لاش کے ٹکڑے کے بوری میں ڈالے اور کچرے میں پھینک دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق غازی آباد کے رہائشی 40 سالہ ملا پرجاپتی نے اپنی بیوی کے مبینہ آشنا اکشے کمار کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور پھر لاش کے 15 ٹکڑے کرکے بوریوں میں بند کیا اور مختلف جگہوں پر پھینک دیا۔رکشا ڈرائیور ملزم کو شک تھا کہ اکشے کمار اور اس کی بیوی کے ناجائز تعلقات ہیں اور وہ کئی روز سے بیوی کے آشنا کو قتل کرنے کے منصوبے بنا رہا تھا۔ ایک دن اسے یہ موقع مل گیا۔ملزم کی بیٹی پاؤں جلنے کے باعث اسپتال میں داخل ہوئی تو اس نے اپنی بیوی سے کہا کہ گھر میں کچھ کام کرنا ہے تو اکشے کمار کو فون کرکے بلالو۔ بیوی اسپتال میں بچی کے ساتھ رہی اور ملزم گھر چلا آیا۔آشنا اکشے کمار گھر آیا تو ملزم رکشا ڈرائیور نے اسے بہانے سے نشہ آور مشروب پلایا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔ پھر ملزم نے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ کلہاڑی سے لاش کے 15 ٹکڑے کیے اور تین بوریوں میں ڈال کر پھینک آیا۔اکشے کمار کے گھر نہ لوٹنے پر اہل خانہ نے گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا۔ اکشے کمار کی تلاش پولیس کو ملزم کے گھر تک لے آئی اور بیانات میں تضادات پر ملزم کو گرفتار کرلیا۔دوران تفتیش ملزم نے قتل کا اعتراف کرلیا اور لاش کے ٹکڑے بھی برآمد کرادیے۔