Published: 24-01-2023
لاس اینجلس: امریکا میں چین کے سالِ نو کے موقع کی مناسبت سے منعقدہ ڈانس پارٹی پر فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کرنے والے شخص نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پولیس کو ڈانس پارٹی میں فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کرنے والے ملزم کی لاش جائے وقوع سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک گاڑی سے مل گئی۔لاش پر گولیوں کے نشان تھے اور قریب فائرنگ میں استعمال ہونے والی بندوق بھی پڑی تھی۔ گاڑی بھی ملزم کے زیر استعمال رہی تھی جب کہ پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملزم نے پولیس کو دیکھ کر خود کو گولی ماری۔لاس اینجلس پولیس کے سربراہ روبرٹ لیونا نے بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کیوں کی، اس کے پیچھے کیا محرکات تھے۔ اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔ ملزم کے اہل خانہ سے تفتیش کے بعد کوئی سرا مل سکتا ہے۔پولیس نے 72 سالہ ملزم سے متعلق مزید معلومات تاحال میڈیا کو فراہم نہیں کیں۔