شہباز شریف سمیت پوری پی ڈی ایم مکمل طورپر ایکسپوز ہو گئی‘ چوہدری پرویز الٰہی

Published: 29-01-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا سے گلگت بلتستان کے مسلم لیگی رہنماؤں نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صدر گلگت بلتستان مسلم لیگ اسد اللہ خان ایڈووکیٹ، ہارون خالد وانی اور سلطان عالم شاہ شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے بڑی ترقی کرنی ہے، پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت تھی، جب انہوں نے کہا امانت واپس کر دی، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں خلوص اور دل سے ساتھ نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالائق ن لیگ والے سب پیچھے رہ جائیں گے، شہباز شریف سمیت پوری پی ڈی ایم مکمل طورپر ایکسپوز ہو گئی، بڑا شور سنا تھا کہ ڈار ڈالر کو کنٹرول کر لے گا، اب ڈار نے سب کچھ آؤٹ آف کنٹرول کر دیا ہے، ن لیگ والوں کو کسی چیز کی سمجھ نہیں، اب حالات دیکھ لیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ میں نے وزارت اعلیٰ کا منصب غریب عوام کیلئے وقف کیا، غریب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے دن رات ایک کیا۔ صدر مسلم لیگ گلگت بلتستان اسد اللہ خان ایڈووکیٹ اور ہارون خالد وانی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے جس جرات سے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام میں چودھری پرویزالٰہی کے اس فیصلے سے بڑی پذیرائی ملی ہے۔

اشتہارات