مقدمات‘ گرفتاریاں‘ چھاپے‘ پنجاب میں صرف انتقام کا ایجنڈا سرگرم ہے:پرویز الٰہی

Published: 03-02-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور نگران حکومت کے انتقامی اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر سابق وزراء راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین، سابق رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب انتقامی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے، روزانہ کی بنیاد پر سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، نگران حکومت مکمل طور پر جانبدار ہو چکی ہے اور انتقام کے ایجنڈے پر گامزن ہے، مقدمات، گرفتاریاں، چھاپے، پنجاب میں صرف انتقام کا ایجنڈا سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پولیس کا بدترین استعمال کیا جا رہا ہے، حکمرانوں کو صرف پوسٹنگ ٹرانسفرز اور سیاسی مخالفین کو کچلنے کی فکر ہے، چن چن کر شریف فیملی کے وفادار آفیسرز تعینات کیے جا رہے ہیں، تحریک انصاف اور ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ عروج پر ہے، نگران بھو ل گئے ہیں کہ وہ اڑھائی ماہ کے مہمان ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے ہر غیر قانونی اقدام اٹھایا جا رہا ہے، عمران خان سے خوفزدہ حکمران روز انکے خلاف نیا پلان بناتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی رحمت اور عوام کی محبت عمران خان اور اتحادیوں کے ساتھ ہے، عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم اب سیاسی مخالفین کو مقدمات سے ڈرانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

اشتہارات