Published: 07-02-2023
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کی بچت سے متعلق اقدامات کیلئے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NEECA) کی ازسرِ نو بحالی اور استعداد بڑھانے کا حکم دیدیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت ملک میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خرم دستگیر خان، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، معاونین خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکاء کو نیکا کی موجودہ استعداد اور میندیٹ پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ NEECA کی استعداد بڑھانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے، اجلاس کو نیکا کے بجٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن پالیسی کا مسودہ بہت جلد کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے نیکا میں اصلاحات کیلئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بین الوزارتی اسٹیرنگ کمیٹی قائم کردی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو NEECA کی اصلاحات کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔وزیرِ اعظم نے NEECA کی کارکردگی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وسائل کا بلا دریغ زیاں ہو رہا ہے اور ادارے بند پڑے ہیں، نیکا کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی اقدامات کرے۔ نیکا کی افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے شفافیت کے پہلو کو اولین رکھا جائے۔وزیراعظم نے کہا نیکا کے ماہرین تعمیراتی، صنعتی، مواصلات، پاور اور زراعت کے شعبے میں توانائی کی بھرپور بچت کیلئے وزارتوں کو لائحہ عمل دیں۔