پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان اضافی ریونیو پر اتفاق

Published: 09-02-2023

Cinque Terre

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان اضافی ریونیو پر اتفاق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترمیمی فنانس بل کی اصولی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں پاکستان نے آئی ایم ایف کو طے کردہ اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 9ویں اقتصادی جائزہ کی تکمیل کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں 350 ارب تک کمی متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیکس کی شرح اور مانیٹرنگ کا نیا سسٹم بنایا اور بینکوں سے روپے میں قرضہ لے کر واپس کرنے کا نیا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔اس سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات جاری ہیں اور حتی الامکان کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات ہمارے حق میں ہوں۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ وہی آئی ایم ایف معاہدہ ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کر کے گئے تھے، گزشتہ حکومت اس معاہدے کو معطل کرکے گئی تھی جبکہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کی جانب جانے سے بچایا۔

اشتہارات