Published: 11-02-2023
جکارتا: ترکیہ اور شام کی بعد انڈونیشیا بھی زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھا اور 5.1 شدت کے زلزلے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے علاقے پاپوا میں آنے والے زلزلے میں ایک واٹر فرنٹ ریسٹورنٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ یہ تمام افراد پکنک منانے آئے ہوئے تھے۔امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز جنوب مغرب میں 22 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔انڈونیشیا کے جیا پورہ ڈیزاسٹر میٹیگیشن ایجنسی کے سربراہ آصف خالد کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ زلزلے سے ساحل پر بنے ریسٹورینٹس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم سونامی کا خدشہ نہیں۔خیال رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور تاحال لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کئی مقامات پر ملبے تلے دبے شہریوں کو زندہ بھی نکالا گیا ہے۔