Published: 17-02-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے) جناح پبلک ہائی اسکول کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب کاانعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی،پرنسپل جناح پبلک ہائی اسکول ظہیر جان اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام طویل عرصہ بھارتی مظالم کا شکار ہیں، بھارتی فوج کی ظالمانہ کاروائیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، مصیبت کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی آزادی کی جدوجہد میں کشمیر ی عوام کیساتھ ہے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں 9لاکھ سے زائد فوج کے ذریعے 80لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے، بلا جواز گرفتاریاں، تشدد، خواتین،بزرگوں سے مظالم بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ ڈپٹی کمشنرصفدر حسین ورک نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے نشے میں کشمیریوں پر جو مظالم روا رکھے ہیں ان پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے، اسی نوعیت کا اقدام کسی غیر مسلم کے خلاف کسی مسلم ریاست میں ہوتا تو عالمی برادری کا ردعمل مختلف ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور کشمیریوں کو آزادی کی اس جدوجہد میں مایوس نہیں ہونا، ہمیں جہد مسلسل کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہنا ہے وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کاز کیلئے پرعزم ہے، ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کے حق آزادی کے لئے آواز بلند کی جائے گی۔