اسرائیلی سفارت کار کو افریقی یونین کے اجلاس سے باہر نکال دیا گیا

Published: 20-02-2023

Cinque Terre

ادیس ابابا: ایتھوپیا کے دارالحکومت میں ہونے والے افریقی یونین کے سالانہ اجلاس کے پہلے روز اسرائیلی سفارت کار کو ہال سے باہر نکال دیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل سینیئر سفارتکار ڈپٹی ڈائریکٹر برائے افریقا، سفیر شیرون بار لی ایتھوپیا میں ہونے واکی افریقی یونین سمٹ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اجلاس کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار اسرائیل کی اعلیٰ سینیئر سفارت کار سے پوچھ گچھ کے بعد مطمئن نہیں نظر آتے اور انھیں اجلاس سے باہر نکال دیتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی سفارت کار کو الجزائر اور جنوبی افریقا کے اعتراض پر اجلاس سے باہر نکالا گیا۔ دونوں ممالک کا مؤقف تھا کہ سفیر شیرون بار لی ایتھوپیا کی سفیر نہیں اس لیے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتیں۔جس پر اسرائیلی وفد کو مبصر کی حیثیت سے شرکت کے لیے جاری کیا گیا دعوت نامہ منسوخ کر دیا گیا۔اسرائیل نے اس واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سفارت کار کا اسٹیٹس منسوخ کرنا افریقین یونین کے قانون میں کہیں درج نہیں ہے۔ تسلیم شدہ آبزرور کا بیج ہونے کے باوجود انھیں باہر نکالا گیا جس پر سخت ردعمل دیں گے۔افریقن یونین کے چیئرمین ایبا کالونڈو نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیلی سفارت کار ایتھوپیا کے لیے اسرائیل کی نامزد سفیر نہیں تھیں۔ اسی لیے انھیں نکالا گیا تھا۔یاد رہے کہ اسرائیل نے کئی دہائیوں کی سفارتی کوششوں کے بعد 2021ء میں افریقی یونین میں مبصر کا درجہ حاصل کیا تھا۔

اشتہارات