وزیراعظم حکومتی اخراجات میں کمی کا پلان جلد پیش کریں گے، اسحاق ڈار

Published: 21-02-2023

Cinque Terre

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اخراجات کم کرنے کا پلان جلد پیش کریں گے، پروازوں کے بزنس کلاس پر 75 ہزار سے ڈھائی لاکھ تک فکسڈ ٹیکس عائد کردیا ہے۔ضمنی مالیاتی بل پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز اور بلوں کی عدم ادائیگی بڑے مسائل ہیں، 1450 ارب روپے وصول نہیں ہورہے تاہم کلیکشن کی اسپیڈ درست ہے، آئی ایم ایف کو بتادیا ہے کہ ضمنی بجٹ کا فیصلہ مجبوراً لینا پڑا، کوئی شک نہیں کہ مہنگائی لوگوں کی برداشت سے باہر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ میں نے نہیں سابق حکومت نے کیا تھا، سابق حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور پھر اس پر عمل نہیں کیا، اگر 170 ارب روپے کے ٹیکس لگا رہے ہیں تو کوشش کی ہے کہ غریب عوام کے لیے مذاکرات کرلیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ 360 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مختص کیے گئے تھے جن میں 40 ارب روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، کفایت شعاری اور سادگی پانے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے قرضے 70 فیصد سے زائد بڑھ گئے ہیں، ہم نے دس دن تک آئی ایم سے مذاکرت کیے، پاور سیکٹر میں لائن لاسز بجلی چوری سے چودہ سو ارب کا نقصان ہے، بجلی پیدا کرنے کی لاگت تین ہزار ارب ہے۔انہوں ںے کہا کہ ایف بی آر اپنے ریونیو اہداف پورا کرے گا، آئی ایم ایف آٹھ سو ارب کے ٹیکسز کا کہہ رہا تھا لیکن وزارت خزانہ کی ٹیم آئی ایم ایف کو 170 ارب پر لائی، اس ایوان کو معاشی ٹیم کو مبارکباد دینی چاہیے، گزشتہ حکومت نے معاشی نظم و ضبط کو توڑا آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے توڑا اور عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوئی تو آئی ایم ایف معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ بی آئی ایس پی وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کر رہے ہیں، اب بی آئی ایس پی کا بجٹ 360 ارب سے بڑھا کر چار سو کردیا گیا، آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم حکومتی اخراجات کم کرنے کا پلان ایوان میں پیش کریں گے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت نے شئیر پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ضمنی مالیاتی بجٹ میں پاور سیکٹر کی وجہ سے 170 ارب کے ٹیکس لگانے پڑے، یقین ہے کہ بل پاس ہونے سے مالی مشکلات سے ملک کو نکالیں گے اور ملک جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ کینیڈا اور امریکا کے بزنس کلاس کے ٹکٹ پر ڈھائی لاکھ فکس چارج عائد ہوگا، یورپ کیلئے بزنس کلاس ٹکٹ پر ڈیڑھ لاکھ اور مشرق وسطی کے لیے 75 ہزار فکس ٹیکس عائد کیا جائے گا جب کہ سگریٹ پر عائد ڈیوٹی فنانس بل میں اعلان کے مطابق ہی رہے گی۔جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے بل پر اظہار خیال میں کہا کہ اس منی بجٹ میں شادی تک پر ٹیکس لگادیا گیا ہے حالاں کہ شادی سنت نبویؐ ہے اسے آسان بنانا آئین کا تقاضا ہے، شادی پر ٹیکس تو بھارت نے بھی نہیں لگایا، سچ یہ ہے کہ اسحق ڈار، اسپیکر اور ارکان سب مل کر غریب کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔ تقریر کے دوران عبدالاکبر چترالی آب دیدہ ہو گئے۔اس پر وزیر خزانہ نے کہا کہ مولانا عبدالاکبر چترالی نے شادی ہالز پر ٹیکسز کا ذکر کیا، پرانے دور میں ائیر کنڈیشنز ہالز میں شادیاں کہاتی ہوتی تھیں؟ ہم نے چھوٹے ریسٹورنٹ یا شادی ہالز پر ٹیکس نہیں لگایا صرف بڑے ائیر کنڈیشنز ہالز پر ٹیکسز لگائے ہیں۔

اشتہارات