Published: 21-02-2023
نئی دہلی: بھارت میں صابن کے پانی سے بھری واشنگ مشین میں 15 منٹ تک ڈوبے رہنے کے بعد کومے میں چلے جانے والا ڈیڑھ سالہ بچہ 7 دن بعد وینٹی لیٹر سے زندگی کی طرف لوٹ آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معجزانہ واقعہ دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا جہاں ڈیڑھ سالہ شیر خوار بچہ کرسی پر کھڑا ہوکر صابن سے بھری واشنگ مشین میں جھانکنے کی کوشش کے دوران اس میں گرگیا اور 15 منٹ تک ڈوبا رہا تھا۔بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا تو وہ بے ہوش تھا اور اسے شدید سردی لگ رہی تھی، سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا بھی تھا۔ بچے کی حالت نہ سنبھلنے پر اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔تاہم سات دن زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد بچے نے آنکھیں کھول دیں۔ اسے وینٹی لیٹر سے ہٹالیا گیا اور دس سے زائد دن وارڈ میں رہنے کے بعد اب گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔