گجرات ڈویژن کی بحالی عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے:پرویز الٰہی

Published: 22-02-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے چودھری موسیٰ الٰہی اور سابق اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات۔ ملاقات میں سابق اراکین صوبائی اسمبلی چودھری شجاعت نواز اجنالہ، چودھری عبداللہ یوسف، ساجد احمد بھٹی،باؤ محمد رضوان و دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گجرات ڈویژن کی بحالی خوش آئندہ فیصلہ ہے۔ عدلیہ نے ہمیشہ بروقت انصاف فراہم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کے ہر فرد کو عدلیہ کا احترام کرنا چاہیے گجرات ڈویژن اور ضلع وزیر آباد کی بحالی کا فیصلہ عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے اور ہم اپنے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو گھبرائے نہیں اور ڈٹ کر کھڑے رہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت نے انتقامی کاروائیوں کے ذریعے گجرات کی عوام کو ہر لحاظ سے نقصان پہنچانے کی بھر پور کو شش کی ہے لیکن وہ ہر انتقامی حربے میں ہمیشہ ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا گجرات کی عوام کی خدمت اور تابعداری میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔ گجرات ڈویژن بننے سے ہر طرف خوشحالی اور ترقی آئے گی، بے روزگاری میں کمی ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

اشتہارات