چوہد ری پرویز الٰہی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل‘عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی صدر مقرر

Published: 22-02-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت پاکستان تحریک انصاف میں کا اعلان کیا۔ سابق ارکان پنجاب اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، عبداللہ وڑائچ، شجاعت نواز اجنالہ، ساجد احمد خان، چودھری احسان الحق، ڈاکٹر محمد افضل، باسمہ چودھری، خدیجہ عمر، موسیٰ الٰہی، چودھری مقصود سلہریا، خرم منور منج، طلحہ زبیر اور حاجی عمر حبیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت پر فواد چودھری نے اعلان کیا کہ چودھری پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی کا مرکزی صدر بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں ہم نے عمران خان اور پارٹی کا ساتھ دیا ہے، ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کوئی ایسا کام نہیں ہو گا جس سے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے، جو عمران خان کی خواہش ہو گی میں وہاں کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی حالیہ وزارتِ اعلیٰ کے چھ ماہ میں بہترین کام کیا ہے، عمران خان کا ساتھ ہمیشہ ہو گا، ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک اور قوم کو فائدہ ہو گا، شہباز شریف نے ہیلتھ کارڈ کو بند کر دیا ہے، میں صلح کن آدمی ہوں میری کوشش ہوتی ہے کہ سب مل کر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان پاکستان کو سیدھی راہ پر چلا سکتے ہیں، پی ڈی ایم ٹولہ پاکستان کو معاشی لحاظ سے ڈیفالٹ کر چکا ہے، آج ملک کے تمام ادارے گومگو کی کیفیت کا شکار ہیں، صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن، نگران حکومتیں اور گورنر سب میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ آج چودھری پرویزالٰہی کی عمران خان سے ملاقات ہوئی، جو کردار چودھری پرویزالٰہی نے حالیہ بحران میں ادا کیا پاکستان تحریک انصاف اس کو سراہتی ہے، ق لیگ کی تحریک انصاف کے ساتھ بے گناہ قربانیاں ہیں، چودھری پرویزالٰہی پاکستان تحریک انصاف کو جوائن کر رہے ہیں، مونس الٰہی اور حسین الٰہی کی حمایت بھی چودھری پرویزالٰہی کو حاصل ہے، میں چودھری پرویزالٰہی اور دوسرے دوستوں کو مبارکباد دیتا ہوں، سارے دوست آج سے پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ایز پر دباؤ ڈالا گیا لیکن تمام ایم پی ایز اور چودھری پرویزالٰہی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چودھری پرویزالٰہی کے سیکرٹری محمد خان بھٹی اور مونس الٰہی کے کزن ضیغم گوندل کا کچھ پتہ نہیں وہ کہاں ہیں۔

اشتہارات