کراچی کے تاجروں، ریسٹورنس اور شادی ہالز مالکان کا کاروبار جلد بند کرنے سے انکار

Published: 26-02-2023

Cinque Terre

  کراچی: وفاقی حکومت کے توانائی بچت منصوبے پر عمل درآمد کے لیے کمشنر کراچی کے بازار، شاپنگ مالز اور شادی ہال رات کو جلد بند کے احکامات کو تاجروں نے مسترد کردیا۔کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے تجارتی مراکز کی 8بجے شب بندش کو تاجروں کے مفادات سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر رات 8بجے مارکیٹیں بند نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی نے تاجروں کے مفادات کے خلاف رات کی تاریکی میں فیصلہ کیا ہے جو کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کے دفتر میں ہونے والے مزاکرات میں یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ توانائی بچت پلان تاجروں کے مفادات کے تناظر میں مرتب کیا جائے گا۔ محمد رضوان نے حکومت پر واضح کیا کہ کراچی کے تاجر 8بجے شب تجارتی مراکز اور دکانوں کی بندش کے فیصلے پر حکومت سے تعاون نہیں کریں گے۔اُدھر شادی ہالز ایسوسی ایشن کے سربراہان اور ریسٹورنٹس مالکان نے بھی کہا کہ جلد بندش کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ معمول کے مطابق اپنے کام انجام دیں گے، کمشنر کراچی نے اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ کیا جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔دوسری جانب کمشنر کراچی کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ شادی ہالز، ریسٹورنٹس، تجارتی مراکز کی بندش یا اوقات کار کے حوالے سے کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

اشتہارات