دنیا کے مہنگے ترین پھل کی تلاش؛10 افراد بارودی سرنگ دھماکے میں ہلاک

Published: 01-03-2023

Cinque Terre

دمشق: شام کے صحرائی علاقوں میں پائی جانے والے نایاب اور مہنگے ترین پھل (ایک طرح کے مشروم) کی تلاش میں صحرا میں گھومتے 10 شکاری خود بارودی سرنگ دھماکے کا شکار بن گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے وسطی صوبے حما کے صحرائی علاقے السلمیہ میں ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ہلاک اور زخمی ہونے والے اس علاقے میں زیر زمین اگنے والے دنیا کے مشہور اور نایاب پھل ٹرفل (ایک قسم کی مشروم اور فنگس) کو تلاش کر رہے تھے جس کے لیے تربیت یافتہ کتے استعمال کیے جاتے ہیں۔یہ افراد ٹرفل کی تلاش کے دوران زیر زمین بچھی ایک بارودی سرنگ کی زد میں آگئے۔ اسی علاقے میں ایک اور بارودی سرنگ دھماکے میں 10 افرد زخمی بھی ہوئے۔ وہ بھی ٹرفل کی کھوج لگا رہے تھے۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر کے مطابق گزشتہ برس اس پھل کے موسم فروری سے اپریل کے درمیان 112 افراد بارودی سرنگ دھماکوں یا داعش کے حملوں میں مارے گئے تھے۔یہ پھل دنیا بھر میں مہنگے داموں ہاتھوں ہاتھوں لیا جاتا ہے۔ ایک کلو قیمتی ٹرفل ایک ایسے ملک میں 5 سے 10 ڈالر کے درمیان فروخت ہوتی ہے جہاں اوسط ماہانہ تنخواہ تقریباً 18 ڈالر ہے۔شام کی حکومت نے ان بارودی سرنگوں کا ذمہ دار داعش کو قرار دیا ہے۔

اشتہارات