Published: 06-03-2023
ریاض: بنگلادیش میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے دو اہم عہدیداروں سمیت 11 افراد کو ورک ویزا کے اجرا میں فراڈ اور کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں بنگلادیش میں سعودی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کے سربراہ عبد اللہ الشاماری اور ان کے نائب خالد ناصرالقطانی، وزارت داخلہ کے 2 افسران، 8 بنگلہ دیشی باشندے، اور ایک سرمایہ کار شامل ہے۔بنگلادیش میں سعودی سفارت خانے کے دونوں اہلکاروں پر الزام ہے کہ سفارت خانے میں کام کرتے ہوئے انھوں نے ورک ویزا جاری کرنے کے بدلے میں 14.4 ملین ڈالر (54 ملین سعودی ریاض) رشوت بٹوری۔اس فراڈ میں ملوث افراد کے گھروں سے چھاپوں کے دوران 5.38 ملین مالیت کا سونا اور گاڑیاں ملی تھیں جب کہ بقیہ رقم سے بیرون ملک سرمایہ کاری کی گئی۔ورک ویزا کرپشن پر سعودی عرب کا اینٹی کرپشن ادارہ کئی ماہ سے کام کر رہا تھا اور شواہد جمع کرنے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا جنھیں کڑی سے کڑی سزا دلوانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔