سعودی عرب اور ایران کا سفارت خانے کھولنے کے لیے فوری ملاقات

Published: 24-03-2023

Cinque Terre

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کو ٹیلی فون کیا اور رمضان کی آمد پر مبارک باد دی جب کہ دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایرانی وزیر خارجہ کو ٹیلی فون کیا۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے رمضان کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور فوری ملاقات پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ 7 سال سے منقطع سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے عرصے سے بند سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو کھولنے کے لائحہ عمل کو ترتیب دیا جائے گا۔یاد رہے کہ 10 مارچ کو چین کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر معاہدہ طے پاگیا تھا جس میں فریقین نے سفارت خانوں کو کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔اس معاہدے کی بنیاد پر توقع ہے کہ ایران اور سعودی عرب دو ماہ کے اندر اپنے سفارت خانے اور مشن دوبارہ کھولیں گے اور 20 سال پرانے دستخط شدہ سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد کریں گے۔علاوہ ازیں ایرانی اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کو سعودی ولی عہد شاہ سلمان کی جانب سے دورے کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے تاہم سعودی عرب نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان جوہری سرگرمیوں پر سخت اختلاف ہے تاہم چین کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان معاملات حل ہوتے نظر آرہے ہیں۔

اشتہارات