محمد یوسف کی اچانک دستبرداری پر سوال اٹھنے لگے

Published: 24-03-2023

Cinque Terre

 لاہور:  محمد یوسف کی اچانک دستبرداری پر سوال اٹھنے لگے، عبوری ہیڈ کوچ کے بجائے بیٹنگ کوچ بنائے جانے والے سابق کپتان اسکواڈ کے ساتھ شارجہ نہیں گئے۔سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے دور میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے محمد یوسف کے حوالے سے گزشتہ دنوں متضاد اطلاعات سامنے آتی رہی رہیں، افغانستان سے شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ان کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی بات 13مارچ کو سامنے آئی، مگر ایک روز بعد ہی مختلف ہوگئی۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کیا تو بطور ہیڈ کوچ عبدالرحمان کا نام درج تھا، یوسف کا کردار بیٹنگ کوچ کا ہی رکھا گیا، اس فیصلے پر حیرت کا اظہار بھی کیا گیا۔گزشتہ روز پاکستانی اسکواڈ کی یواے ای روانگی سے قبل اچانک یہ اطلاع سامنے آئی کہ محمد یوسف نجی مسائل کی وجہ سے دستبردار ہوگئے ہیں، عبدالرحمان ہی بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔یاد رہے کہ ثقلین مشتاق کی رخصتی کے بعد عبوری تقرریوں سے کام چلایا جارہا ہے،بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا خلا پُر کرنے کیلیے عمرگل کو لایا گیا ہے، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کے ساتھ بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو برقرار رکھا گیا تھا مگر انھوں نے ٹور پر نہ جانے کا فیصلہ کیا۔عام طور پر معاون اسٹاف کا تقرر پہلے کرکے اسکواڈ کی تشکیل میں کپتان اور کوچ سے بھی مشاورت کی جاتی ہے، اس بار کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے کے اگلے روز کوچز کی فہرست جاری ہوئی۔میڈیا کانفرنس میں اس حوالے سے سوال پر ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے کہا کہ ہم نے تو عبوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالی ہیں،اگر مستقل ہوتے تو شاید یہ سوال پوچھنا زیادہ مناسب ہوتا۔

اشتہارات