مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا ضابطہ اخلاق جاری

Published: 28-03-2023

Cinque Terre

ریاض: سعودی عرب میں مقدس مساجد کے امور کی نگراں کے ادارے نے حرمین شریفین میں فوٹو گرافی کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ ان باتوں کی سختی سے پابندی کی جائے۔ہر سال رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں سے فیضیاب ہونے کے لیے لاکھوں خوش نصیب مکہ و مدینہ کا رخ کرتے ہیں اور دو عظیم مساجد میں عبادت کرنے کو باعث سعادت سمجھتے ہیں۔کورونا کے بعد جب پابندیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے اور مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تل دھرنے کو جگہ نہیں۔ اس دوران کچھ افراد تصاویر اور ویڈیوز بھی بناتے ہیں جس سے دیگر نمازیوں کی عبادت میں خلل پڑتا ہے اور رش میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔اس سے بے نظمی پیدا ہوتی ہے اور بھگدڑ کا بھی خطرہ رہتا ہے۔ معتمرین کی کثیر تعداد کا مطالبہ بھی رہا ہے کہ عبادت کے دوران تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔جس پر حرمین شریفین کے امور کی کمیٹی نے مقدس ترین مساجد میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا جس کے مطابق تصاویر اور ویڈیوز صرف اپنی بنائیں اور اس میں دوسرے عبادت گزاروں کو ان کی اجازت بغیر شامل نہ کریں۔علاوہ ازیں نہ تو خود اپنی اور نہ کسی اور کی عبادت کرتے وقت تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح فوٹو گرافی کے لیے بھیڑ لگانے سے بھی گریز کیا جائے۔سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حرمین شریفین کے آداب کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز اور تصاویر بناتے وقت ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی جائے اور زیادہ وقت عبادت میں صرف کریں۔

اشتہارات