Published: 30-03-2023
کراچی: گلوکار علی ظفر نے ملک میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے واقعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔معروف کامیڈین اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ شفاعت علی کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ایک شخص کی عزت نفس کا خیال رکھے۔شفاعت علی نے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا تھا کہ جب بجلی کا بل غریب کے گھر کے ایڈریس پر ہر مہینے پہنچ جاتا ہے تو مفت آٹے کا تھیلا کیوں نہیں پہنچ سکتا؟، غریب کو ایک آٹے کا تھیلا دینے کے لئے میلہ لگانے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟واضح رہے کہ ملک بھر میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدترین بدنظمی کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جس میں 6 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔مفت آٹے کے حصول کیلئے خواتین، بزرگ اور بچے سارا سارا دن لائنوں میں لگ کر انتظار کرتے ہیں اور جب ٹرک آٹا لیکر پہنچتا ہے تو دھکم پیل کی وجہ سے اکثر لوگ نہ صرف آٹے سے محروم رہ جاتے ہیں بلکہ زخمی اور بیہوش بھی ہورہے ہیں۔شہریوں نے بھی مفت آٹے کی تقسیم کے طریقہ کار پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت لوگوں کی عزت نفرس کا خیال رکھتے ہوئے انہیں باوقار انداز میں ریلیف فراہم کرے۔