Published: 20-04-2023
کراچی: اداکار شمعون عباسی نے ہدایت کار سہیل جاوید اور شہریار منور کے مابین جھوٹ موٹ کی لڑائی کے دوران اسکرپٹ زمین پر پھینکنے کی وائرل ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں شمعون عباسی نے کہا کہ میں نے ایک بہت ہی گھٹیا ویڈیو دیکھی ہے جس پر میں نے سوچا بات کروں کیونکہ کوئی اور اس پر بات نہیں کرے گا، شہریار نے اپنی ویڈیو کو وائرل کرنے کے چکر میں اسکپرٹ اٹھاکر زمین پر پھینک دیا، اسکرپٹ ایک احترام کے قابل چیز ہے جس سے ہمارا رزق وابستہ ہے اور اسے اللہ کا نام لیکر لکھا جاتا ہے۔شمعون عباسی نے کہا اگر شہریار اور سہیل جاوید کو وائرل ہونے کا اتنا ہی شوق تھا تو کسی چوک پر چلے جاتے اور وہاں جاکر اپنے کپڑے اتارکر گتھم گتھا ہوتے تو اس سے زیادہ شہرت اور ویوز مل جاتے، انہوں نے کہا کہ شہریار منور صاحب آپ کافی مشہور شخص ہیں آپ کو مشہور ہونے کے لیے ان سستے حربوں کی ضرورت نہیں ہے۔شمعون عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پہلے کے زمانے میں اگر ہم اپنے اسکرپٹس گھر میں بھول جاتے تھے تو ہمیں دن بھر ڈائریکٹر، ایکٹرز، پروڈیوسر اور اسسٹنٹ تک ذلیل کرتے تھے کہ آپ اپنا اسکرپٹ کیوں نہیں لائے اور سزا کے طور پر اسکرپٹ کی کاپی تک نہیں دیتے تھے کہ آپ کو اپنا اسکرپٹ اپنے پاس رکھنا ہے۔شمعون عباسی نے کہا سہیل راجہ سے اسکی بالکل امید نہیں تھی، وہ ہمارے بڑوں میں سے ہیں اور ہمارے سینئر ہیں، انہوں نے اس ویڈیو کے چکر میں اپنی بھی بے عزتی کروائی، چار پانچ دن لوگ یہی سوچتے رہے کہ یہ کون ہے جو سہیل راجا کی بے عزتی کررہا ہے، آئندہ آپ کو اگر وائرل ہونا ہو تو کوئہ بہتر آئیڈیا لیکر آئیے گا۔دوسری جانب اداکارہ مشی خان نے بھی شہریار منور اور سہیل جاوید کی پبلسٹی اسٹنٹ ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا ہے، مشی خان نے کہا ان کو اس قسم کی چھوٹی حرکت نہیں کرنی چاہئے تھی، آپ لوگ پڑھے لکھے ہیں اور لوگوں کیلئے رول ماڈل ہیں، اس طرح کی حرکت آپ کو زیب نہیں دیتی۔