عید پر کون سی پاکستانی فلموں کا باکس آفس پر راج رہا؟

Published: 27-04-2023

Cinque Terre

  کراچی: عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کو پاکستان میں فلموں کی ریلیز کیلئے مناسب ترین وقت تصور کیا جاتا ہے اور اس موقع پر فلموں کی ریلیز زیادہ منافع بخش بھی ہوتی ہے، پروڈیوسرز کو یہ دن فلموں کی ریلیز کیلئے اتنے پسند ہیں کہ گزشتہ سال ایک عید پر چھ فلمیں ریلیز کر ڈالیں اور اس کے نتیجے میں ایک دوسرے کے بزنس کو نقصان پہنچایا۔اس سال بھی عید الفطر پر پانچ بڑی فلمیں سینماؤں کی زینت بنی ہیں جن میں سے ایک سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شہنیرا اکرم کی پہلی ڈیبیو فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ ہے جو ایک ہیوی بجٹ فلم ہے۔باکس آفس نمبرز کے مطابق فلم منی بیک گارنٹی شائقین کی زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے اور فلم نے عید کی چھٹیوں کے اختتام پر دنیا بھر میں 10 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔معروف اینکر کامران شاہد کی پہلی فلم ’’ہوئے تم اجنبی‘‘ جس کی کاسٹ میں کچھ بڑے نام بھی شامل ہیں مگر اسکے باوجود یہ فلم آؤٹ ڈیٹڈ موضوع کی وجہ سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں زیادہ کامیاب نہ ہوسکی اور عید ویک اینڈ تک محض 2 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی ہے۔اس فلم کی کہانی 1971 کی جنگ اور سقوط ڈھاکا کے دوران محبت کی ان کہی داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔میگا بلاک بسٹر ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کو عید پر بھی سینما گھروں میں دکھایا گیا اور یہ اب بھی کمائی کر رہی ہے، عید کی چھٹیوں کے دوران اس فلم نے پاکستانی باکس آفس پر 114 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔

اشتہارات