Published: 02-05-2023
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین اسمبلی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری کی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی، جس میں جنوبی پنجاب سے پی پی میں شمولیت کرنے والی سیاسی شخصیات اور سابق اراکین نے بھی شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق مظفر گڑھ سے سابق صوبائی وزیر سید ہارون نے مسلم لیگ ن، سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری اصغر جٹ نے پی ٹی آئی جبکہ خانیوال سے مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سید جمیل شاہ نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ق کے مظفر گڑھ سے پی پی 271 سے امیدوار ملک فیض احمد جبکہ پی ٹی آئی کے سابق امیدوار برائے بہاؤولنگر رانا انتظار احمد، پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر عامر وٹو، خانیوال کے سابق چیئرمین مسعود مجید نے پی ٹی آئی چھوڑ پر پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارک باد پیش کی۔ ملاقات میں یوسف رضا گیلانی اور مخدوم، سید احمد محمود بھی موجود تھے۔صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اراکین قومی اسمبلی مخدوم سید مرتضی محمود اور مخدوم سید مصطفی محمود بھی ملاقات میں موجود تھے۔ زرداری ہاؤس میں سیاسی زعماء کی شمولیت کے موقع پر پی پی پی ضلع مظفرگڑھ کے جنرل سیکریٹری ملک مظہر پہوڑ، ملک فیاض احمد کھکھ ایڈووکیٹ اور عبدالقادر شاہین بھی نظر آئے۔