Published: 02-05-2023
ممبئی: بھارتی سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ وہ انڈیا میں قتل کی دھمکیاں ملنے باوجود یو اے ای میں خود کو محفوظ خیال کرتے ہیں۔ ایک تازہ انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ہونا، غیر محفوظ رہنے سے بہتر ہے اور قتل کی دھمکیوں کے بعد اب ان کیلئے ممکن نہیں رہا کہ وہ بائیک چلائیں یا اکیلے سفر کریں۔یو اے ای میں اپنی سیکورٹی کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ جب وہ دبئی میں ہوتے ہیں تو انہیں کسی چیز کی ضرورت نہیں ہوتی اور وہ خود کو مکمل طور پر محفوظ سمجھتے ہیں۔اداکار کو عید کے بعد اپنے گارڈز کے ساتھ دبئی مال میں دیکھا گیا تھا جہاں وہ اطمینان کے ساتھ واک کر رہے تھے۔سلمان خان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے اندر مسئلہ پیدا ہوتا ہے، مجھے علم ہے کہ جو کچھ ہونا ہے وہ ضرور ہوکر رہے گا لیکن مجھے اپنے رب پر بھروسہ ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل یو اے ای کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد ال مختوم دعویٰ کرچکے ہیں کہ دبئی دنیا کا محفوظ ترین شہر ہے۔