Published: 06-05-2023
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کو زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی نکالنے کی مشروط اجازت مل گئی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف شرائط پرعمل درآمد کے لیے پی ٹی آئی سے یقین دہانی حاصل کرنے اور حلف لینے کے بعد ریلی کی اجازت دی گئی ہے۔اجازت نامے میں شامل شرائط میں کہا گیا ہے کہ ریلی کی اجازت سہ پہر دو بجے سے شام ساڑھے سات بجے تک ہو گی، ریلی کی انتظامیہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی اور سیکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی۔اجازت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ دوران ریلی عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، بہتر سیکیورٹی کے لیے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سیکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، ریلی کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔اجازت نامے میں شامل مزید شرائط میں کہا گیا ہے کہ ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق قانون کی پاسداری کی جائے گی، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے نیز پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ یا کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی۔ریلی میں کارکنان کے ڈنڈے یا اسی طرح کی کوئی بھی شے لانے اور ریلی کے دوران کسی کے بھی جذبات و احساسات مجروح کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکاء لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے اور ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہوگی۔اجازت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔