Published: 08-05-2023
کراچی: پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کرنے کا خواب چکنا چور کردیا، سیریز 1-4 سے پاکستان کے نام ہوگئی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کو کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 300 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی طرف سے افتخار احمد اپنے روایتی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آغا سلمان 57، فخر زمان 33 اور شان مسعود نے 7 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم اپنے 100 ویں میچ کو یادگار نہ بناسکے اور صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔شاداب خان 14، اسامہ میر 20 رنز بناسکے، شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین روانہ ہوئے جبکہ محمد وسیم 6 اور حارث رؤف 1 رن بناکر رن آوٹ ہوگئے، نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینری شپلے اور رچن رویندرا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ول ینگ 87، ٹام لیتھم 59 اورمارک چپمین 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔شاہین آفریدی نے 3، شاداب خان اور اسامہ میر نے 2، 2 ، محمد وسیم اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ آخری میچ ہے کوشش ہوگی جیت کے ساتھ سیریز کا اختتام کریں، پلئینگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، میچ میں کامیابی سمیٹ کر کلین سوئپ کے ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے 4 میچ پاکستان جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکا ہے، پانچ ون ڈے میچز میں 180 رنز کی ہائی اسکور اننگز کیساتھ 363 رنز بنانے پر فخر زمان کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔