Published: 22-05-2023
اسلام آباد: پاکستان نے ایران کے علاقے سروان میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان 20 مئی 2023 کو ایران کی سروان کاؤنٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے جس میں 6 سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے کی شدید مذمت کرتا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس المناک واقعے پر شہداء کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ساتھ ایرانی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور ایران کے صدر کے درمیان حالیہ ملاقات کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک سرحد کے دونوں جانب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی کوششوں پر متفق ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان پاک ایران سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد کے طور پر دیکھتا ہے، اس مقصد کے لیے ایران کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔