Published: 22-05-2023
کراچی: پاکستانی اداکار اور کامیڈین عدنان شاہ ٹیپو کی کینز فلم فیسٹیول میں شرکت اور ان کی فلم ’ان فلیمز‘ کے ورلڈ پریمیئر پر شوبز فنکاروں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اداکار کو مبارکباد دی ہے۔ پاکستانی و کینیڈین ڈائریکٹر ضرار خان کی ہدایت کاری میں بننے والی ہارر فلم ’ان فلیمز‘ کو کینز فلم فیسٹیول کے عالمی میلے میں ورلڈ پریمیئر کا اعزاز ملا اور فلم 27 مئی تک کینز میں دکھائی جائے گی۔اداکارہ حرامانی نے بڑی خبر کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے عدنان شاہ کو لکھا کہ ’’آپ اس کے مستحق ہیں اور مجھے آپ پر فخر ہے، آپ ایک شاندار اداکار ہیں‘‘۔زویا اختر نے عدنان شاہ کی کامیابی کو ملک کے لئے فخر قرار دیتے ہوئے اداکار کو ملک کیلئے فخر قرار دیا ہے۔ثروت گیلانی، جو پچھلے برس اپنی فلم ’جوائے لینڈ‘ کیلئے کینز میں موجود تھیں انہوں نے ’ان فلیمز‘ کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔یاسر حسین اور امر خان نے عدنان شاہ ٹیپو کی کینز فیسٹیول میں موجودگی کو پاکستان کیلئے ایک بہترین پیشکش قرار دیتے ہوئے فلم کی پوری ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔