جونئیر ہاکی ایشیاکپ؛ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنیوالی ٹیم ڈیلی الاؤنس سے محروم

Published: 02-06-2023

Cinque Terre

بھارت کے خلاف جونئیر ہاکی ایشیاکپ کا فائنل کھیلنے والی قومی ٹیم تاحال ڈیلی الاؤنس سے بھی محروم ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جونئیر ہاکی ایشیاکپ میں ناقابلِ شکست رہنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یومیہ 100 ڈالر ملنا تھے تاہم فنڈز کی کمی کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ٹورنامنٹ کے لیے روانگی سے قبل متعدد بار پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے فنڈز کی درخواست کی تھی جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ پی ایچ ایف نے اسکواڈ کے ٹکٹ اور رہائش کے لیے بھی اپنی جیب سے ادائیگی کی۔گزشتہ روز عمان میں جاری جونیئر ایشیاکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو 2-6 سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ بھارتی ٹیم نے جنوبی کوریا 1-9 کو شکست سے دوچار کیا تھا۔پاکستان نے مسلسل تیسری بار اور مجموعی طور پر ساتویں بار ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔پاکستان نے آخری بار 27 سال پہلے بھارت کو ہی ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اب تک دونوں ٹیمیں 3 بار فائنل میں آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں ہندوستان کا پلڑا بھاری رہا۔ بھارت نے 2004 اور 2015 میں فتح پائی جبکہ 1996 میں پاکستان کو ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

اشتہارات