Published: 05-06-2023
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کی ہے، ریاست کے خلاف سرکشی اور بغاوت کرنے والوں کو سیاست کا کوئی حق نہیں اور نہ معافی ملے گی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، دفاعی تنصیبات پرحملے کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جاسکتا، ہر صورت ریاست کی رٹ قائم کریں گے، ووٹ کی طاقت سے فتنے کو ملکی سیاست سے مائنس کریں گے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2014 سے صرف گالم گلوچ کی سیاست کی اور اپنے ورکرز کو بھی صرف گالم گلوچ کی سیاست ہی سکھائی، پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھر،ایک کروڑنوکریوں کے جھوٹے وعدے کیے۔وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کے دعویداروں نے خود کرپشن کی، ہم نے ایک سال میں ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا، پی ٹی آئی والوں نے صرف باتیں ہی کیں عملی طورپرکچھ نہیں کیا۔