رومانوی اداکار سنتوش کمار کو مداحوں سے بچھڑے 41 برس گزر گئے

Published: 11-06-2023

Cinque Terre

 لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور رومانوی اداکار سنتوش کمار کی 41 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، سنتوش کمار نے جہاں فلمی دنیا پر اپنی پرفارمنس سے راج کیا، وہیں اپنے کردار سے ہر دل میں جگہ بنائی اور وہ عزت اور مقام حاصل کیا جو بہت کم اداکاروں کو نصیب ہوا۔لالی ووڈ کے نامور اداکار 25 دسمبر 1925 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اصل نام سید موسیٰ رضا تھا ، اپنے وقت کے اس بڑے اداکار نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز فلم ’آہستہ‘ سے کیا۔1950 میں پنجابی فلم ’بیلی‘ میں جلوہ گر ہوئے اور اسی سال پاکستان کی پہلی اردو سلور جوبلی فلم ’دو آنسو‘ میں بطور ہیرو تاریخ ساز کردار ادا کیا۔1982 تک انھوں نے 84 فلموں میں اداکاری کی، ان کی کامیاب فلموں میں گھونگھٹ، رشتہ، دامن، سرفروش، قسمت، وعدہ و دیگر فلمیں شامل ہیں۔رومانوی کرداروں کو اپنی اداکاری سے یادگار بنا دینے والے سنتوش کمار نے اپنے دور کی مقبول اداکارہ صبیحہ خانم کے ساتھ پچاس کے قریب فلموں میں کام کیا اور پھر صبیحہ خانم کو ہی اپنا شریک حیات بنایا۔سنتوش کمار کو بہترین اداکار کا پہلا نگار ایوارڈ انہیں فلم “وعدہ “میں پیش کیا گیا ، بعد ازاں انہیں ستارہ امتیاز سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا، اپنی طرز کا یہ منفرد فنکار11 جون 1982 کو دنیا سے رخصت ہو گیا لیکن وہ اپنی جاندار اور شاندار اداکاری کی بدولت ہمیشہ اپنے پرستاروں کے دلوںمیں زندہ رہیں گے۔

اشتہارات