مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 6 فلسطینی شہید

Published: 21-06-2023

Cinque Terre

غزہ: اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں واقع پناہ گزین کیمپ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں فضائی حملہ بھی کیا جس کے نتیجے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 6 ہوگئی جب کہ 90 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جنین کے پناہ گزین کیمپ میں دو انتہائی مطلوب اکثریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جیسے ہی چھاپہ مار ٹیم پہنچی کیمپ میں موجود القدس بریگیڈ کے کارکنوں نے اپنے رہنماؤں کو گرفتاری سے بچانے کے لیے فائرنگ کردی جس پر اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کرنا پڑی۔ادھر فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے تشدد اور فائرنگ سے شہید ہونے والے 4 نوجوانوں کی شناخت 29 سالہ قاسم فیصل، 21 سالہ خالد درویش، 19 سالہ قاسم ساریہ اور 15 سالہ احمد صقر کے نام سے ہوئی ہے۔ایک نوجوان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 زخمیوں کو بھی مختلف اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ 22 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اشتہارات