لاہور بارش؛ اداکارہ نادیہ جمیل کا گھر پانی میں ڈوب گیا

Published: 05-07-2023

Cinque Terre

 لاہور: شہر میں ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش میں پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل کے گھر کا بیرونی حصہ بھی پانی میں ڈوب گیا۔اداکارہ نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اپنے گھر کی کچھ ویڈیوز شیئر کی ہیں جس میں انکے گھر کا بیرونی حصہ مکمل طور پر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔نادیہ جمیل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میری 76 سالہ والدہ گھر میں پھنس گئی ہیں جو دل کی مریضہ ہیں، اب نہ میں اندر جا سکتی ہوں اور نہ وہ باہر آسکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ سارا سیوریج کا پانی ہے کیونکہ ہمارا گھر نالے سے دور ہے، اگر مزید ایک گھنٹہ بارش جاری رہی تو سارا پانی گھر میں چلا جائے گا۔نادیہ جمیل نے مزید بتایا کہ میرا بھائی اسٹاف کوارٹر میں موجود بچوں اور امی کو دودھ دینے سینے تک موجود پانی میں چل کر گیا ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی کمشنر لاہور اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا آپ براہ کرم اس شہر اور اس کے شہریوں کے لیے کچھ ذمہ داری اٹھا سکتے ہیں؟۔

اشتہارات