مون سون کی بارشوں کے دوران ممکنہ سیلاب کے خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں‘ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک

Published: 07-07-2023

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران ممکنہ سیلاب کے خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں، ریسکیو 1122 سمیت تمام بلدیاتی ادارے میشنری فنکشنل رکھیں،اربن فلڈنگ سے بچنے کے لیے نالوں، سیوریج لائنوں کی فوری صفائی کروائی جائے  ہنگامی حالات میں دریائے چناب اور جہلم کیساتھ آباد دیہات کے مکینوں کو فوری آگاہی کے لئے کمیونیکیشن کا نظام موثر بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احمد نواز شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز خضر حیات بھٹی، افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنرز حیدرعباس، محمد اکمل،زہیب ممتاز،ڈی او ایمرجنسی عمر اکبر گھمن و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی صفدر حسین ورک نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈی ڈی ایم اے کے سروے کے مطابق دریائے چناب میں سیلاب کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 59دیہات جبکہ دریائے جہلم میں سیلاب کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 16دیہات متاثر ہو سکتے ہیں، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ان علاقوں میں پٹواری تک فیلڈ سٹاف، دیہہ کے نمبر دار اور متحرک افراد کیساتھ رابطہ بہتر بنائیں۔   ڈپٹی صفدر حسین ورک نے محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اضافی پتھر کا سٹاک رکھیں، پانی کی صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ اپنے زیر انتظام علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو موثر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، افسران و اہلکاروں میں علاقہ جات تقسیم کرکے انہیں یہاں بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے جواب دہ بنایا جائے، ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے موضع جات میں  ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں اور تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
 

اشتہارات