Published: 11-07-2023
ممبئی: بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل کو او ٹی ٹی پلیٹ فارموں پر تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کا سامنا ہے اور اب عرفی جاوید کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔ ’غدر‘ اداکارہ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے متعلق ایک تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ او ٹی ٹی کا مواد ہم جنس پرستی اور متنازع موضوعات پر مبنی ہے جسے گھر میں فیملی کے ساتھ نہیں دیکھا جاسکتا ہے۔امیشا پٹیل کا کہنا تھا کہ لوگ اچھے اور صاف ستھری سینما کے منتظر ہیں جہاں ایک پوتا اورپوتی اپنے دادا دادی کے ساتھ بیٹھ کر فلم دیکھ سکے لیکن او ٹی ٹی پر ایسی فلمیں اور سیریز بنائی جارہی ہیں جو کوئی اپنے بچوں کو دکھانا پسند نہیں کرے گا۔عرفی جاوید کو امیشا پٹیل کی تنقید پسند نہیں آئی اور اس نے انسٹاگرام پر اداکارہ کی تصویر کے ساتھ اسٹوری میں لکھا کہ جب عوامی لوگ بغیر تحقیق حساس موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں تو انہیں بہت غصہ آتا ہے۔انہوں نے امیشا کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انڈسٹری میں 25 برس تک کام نہ ملنے نے اداکارہ کو ایک کڑوی شخصیت بنادیا ہے۔واضح رہے کہ امیشا پٹیل بلاک بسٹر فلم ’غدر‘ کے سیکوئیل کے ساتھ دوبارہ بڑے پردے پر واپس آرہی ہیں جسے رواں برس 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔