Published: 23-07-2023
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی بیٹی راحا کے مستقبل کے بارے میں ابھی سے فکر مند ہیں جب کہ وہ پہلے ہی یہ عندیہ بھی دے چکی ہیں کہ وہ اپنی فیملی کو وقت دینے کے لیے شوبز سے وقفہ بھی لے سکتی ہیں۔ بالی ووڈ میں اقربا پروری کے الزامات نئے نہیں۔ کپور فیملی، بچن فیملی، بھٹ فیملی اور بھی چند خاندان فلم انڈسٹری میں اپنی اجارہ داری قائم رکھے ہوئے ہیں۔ اس پر کنگا رناوت نے بھی کافی آواز اُٹھائی تھی۔اداکارہ عالیہ بھٹ معروف فلم ساز مہیش بھٹ اور ماضی کی مقبول اداکارہ سونی رازدان کی بیٹی اور کپور خاندان کی چہیتی بہو بھی ہیں اور امید کی جا رہی تھی عالیہ اپنی بیٹی کو بھی اپنی طرح کامیاب اداکارہ کے طور پر دیکھنا چاہیں گی۔تاہم اس کے برعکس میکے اور سسرال دونوں جانب سے فلم انڈسٹری کا حصہ ہونے کے باوجود عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی کے مستقبل کے لیے الگ ہی خواب دیکھا ہے۔راحا اپنے والدین عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی زندگی میں راحت و سکون بن کر نومبر 2022 میں دنیا میں وارد ہوئی اور ابھی محض چند ماہ ہی کی ہیں لیکن عالیہ بھٹ نے بیٹی کے مستقبل سے متعلق ابھی سے خواب دیکھنا شروع کردیے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا کہ میں جب بھی اپنی بیٹی کو دیکھتی ہوں تو کہتی ہوں کہ تُو توَسائنس دان بنے گی۔عالیہ بھٹ کی اپنی بیٹی کے مستقبل کے حوالے سے یہ کلپ وائرل ہوا تو مداح بھی کہاں چپ بیٹھنے والے تھے۔ خوب مزے مزے کے کمنٹس ہوئے۔ ایک لکھا کہ عالیہ بھٹ کی خواہش کو دیکھتے ہوئے فلمساز کرن جوہر نے 20 سال بعد بننے والی اپنی ایک فلم کا نام ابھی سے سوچ لیا ہوگا ۔۔۔ سائنٹسٹ۔یاد رہے کہ عالیہ اور رنبیر کپور ’براہم سترا‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کے نزدیک آئے اور پھر مزید دو سال تک ملاقاتیں جاری ہیں جس کے بعد دونوں نے 2022 میں شادی کی اور 7 ماہ بعد راحا ان کی زندگی میں آئی تھی۔