Published: 10-08-2023
سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے ورلڈکپ 2023 کیلئے اپنی چار ممکنہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے بارے میں بتادیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر ویندر سہواگ نے اکتوبر میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور میزبان ہندوستان کو میگاایونٹ کیلئے فیورٹ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں روایتی شارٹس نہیں کھیلتیں بلکہ غیر روایتی کرکٹ پر فوکس کرتی ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ برصغیر میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔سابق اوپنر نے کہا کہ روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم حالیہ برسوں میں ون ڈے انٹرنیشنل میں کافی مضبوط نظر آئی ہے جبکہ میزبانی کی وجہ سے ہوم کنڈیشنز بھی ہمارے حق میں ہوں گی۔اسی طرح انگلینڈ اور آسٹریلیا کے حوالے سے ویندر سہواگ کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کی بیٹنگ 7 نمبر تک جاتی ہے جبکہ وہ دفاعی چیمپئین بھی ہیں جبکہ کینگروز پر نظر ڈالیں تو وہ آئی سی سی ایونٹس میں انکا ٹریک ریکارڈ اور دباؤ میں کارکردگی دکھانے کی مہارت انہیں سیمی فائنل کے لیے مضبوط دعویدار بناتی ہے۔وریندر سہواگ نے پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس ایک ایسی ٹیم ہے جس کو کم نہیں سمجھنا چاہیے، بابراعظم کی قیادت میں گرین شرٹس نے حالیہ برسوں میں بہت کامیابیاں سمیٹی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے مضبوط امیدواروں میں ایک ہیں۔قبل ازیں سابق آسٹریلوی کرکٹر گلین میک گرا، انگلش کپتان آئن مورگن نے بھی پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئی کی تھی۔واضح رہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو ہوگا۔