Published: 15-08-2023
ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ کے ٹکٹس کی قیمتیں سامنے آگئیں۔ سری لنکا میں شیڈول ایشیاکپ کے 9 میچز کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ آج سے شروع ہوگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کے ٹکٹس کی قیمیتیں 20 ڈالر سے شروع ہوں گی جبکہ وی وی آئی پی ٹکٹس 500 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔قبل ازیں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹس کی فروخت کا آغاز 12 اگست سے کردیا گیا تھا، پی سی بی ایونٹ میں 4 میچز کی میزبانی کرے گا۔بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں شیڈول ایشیاکپ میچز کیلئے سستا ترین ٹکٹ 1500 روپے سے شروع ہوگا جو 8 ہزار روپے تک دستیاب ہوگا جبکہ مہنگا ترین ٹکٹ وی وی آئی پی کیلئے 10 ہزار روپے بُک ہوگا۔واضح رہے کہ ایشیاکپ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا، 31 اگست کو کینڈی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دو ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایشیاکپ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔پاکستان چار میچز کی میزبانی کرے گاایشیا کپ کے تیرہ میچوں کے لیے چار وینیوز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جن میں سے پاکستان چار میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ملتان میں ایک جبکہ لاہور میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔سری لنکا 9 میچز کی میزبانی کرے گا سری لنکا میں نو میچز ہوں گے جن میں سے کینڈی میں تین اور کولمبو میں چھ میچز کھیلے جائیں گے۔سری لنکا میں کینڈی پہلے راؤنڈ کے تین میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد کولمبو میں سپر فور مرحلے کے پانچ میچوں کے علاوہ 17ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔