Published: 22-08-2023
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کردی۔پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی شوگر ملز کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت نیب کے وکیل نے کہا کہ ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔نیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب قانون میں تبدیلی کے بعد مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر مزید کارروائی نہیں ہوسکتی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی نیب درخواست واپس لینے پر خارج کردی ۔نیب کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ براہ کرم آرڈر میں خارج کرنے کے بجائے نمٹا دینا لکھ دیں، جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ آپ کو آرڈر پسند آئے گا۔