سوڈان؛ فضائی حملے میں بچوں سمیت 20 شہری ہلاک

Published: 04-09-2023

Cinque Terre

خرطوم: سوڈان میں فوج اور منحرف نیم فوجی دستے کے درمیان اقتدار کے لیے جنگ میں تیزی آگئی اور دارالحکومت میں ایک فضائی حملے میں دو بچوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فوج اور منحرف نیم فوجی دستے کے درمیان جھڑپ کے دوران خرطوم شہر کے اسپتالوں میں جلی ہوئی لاشیں اور جھلسے ہوئے زخمی لائے گئے۔کئی افراد کے اعضا جسم سے علیحدہ تھے اور وہ بری طرح زخمی تھے۔ اسپتال میں ہر طرف آہ و بکا اور دلخراش مناظر ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔منحرف نیم فوجی دستے کے ترجمان نے ان ہلاکتوں کا ذمہ دار حکومتی فوج کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری علاقے پر فضائی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی۔دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حکومتی فورسز نے منحرف نیم فوجی دستے کے ٹھکانوں پر توپ اور راکٹ برسائے۔ پورا شہر صبح سے گولہ باری سے گونج رہا تھا۔واضح رہے کہ سوڈان میں ملکی فوج اور نیم فوجی دستے کے درمیان 15 اپریل سے شروع ہونے والی اقتدار کی جنگ کے بعد سےتقریباً 5 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اشتہارات