مستونگ دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا، اموات 61 تک پہنچ گئیں

Published: 04-10-2023

Cinque Terre

 کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس پر ہونے والے خود کش بم دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والا شخص منگل کے روز علاج کے دوران انتقال کرگیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 61 تک پہنچ گئی۔ترجمان سول اسپتال کے مطابق 52افراد دھماکے کے پہلے روز شہید ہوئے تھے، زخمیوں میں سے 7 افراد نے سول اسپتال اورایک نے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں دم توڑا۔مستونگ میں جمعہ 29 ستمبر کو ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج  کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔دوسری جانب جرمنی نے مستونگ میں خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔ اس ضمن میں جرمن قونصل جنرل نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بہت بڑی مصیبت دیکھی، دھماکے کے متاثرین مصیبت سے گزر رہے ہیں۔اُدھر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر ثروت اعجاز قادری نے وفد کے ہمراہ اسپتال میں زخمیوں سے ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہدا کے لواحقین کی مالی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اتنے بڑے سانحے کے بعد آج بھی پاکستان زندہ باد کا ہی نعرہ لگا رہے ہیں۔

اشتہارات