Published: 12-10-2023
آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بالی ووڈ کے نامور ستاروں کی شرکت متوقع ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں سچن ٹنڈولکر، رجنی کانت، امیتابھ بچن اور ارجیت سنگھ شریک ہونگے۔ تقریب دن 12 بجکر 40 منٹ پر شروع اور 1 بجکر 10 منٹ پر اختتام پذیر ہوگی۔یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا آغاز افتتاحی تقریب سے نہیں ہوا تھا تاہم اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی 14 اکتوبر کو پاک بھارت میچ کے موقع پر ایک میوزیکل تقریب منعقد کرنا چاہتا ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے اہم شخصیات کی اسٹیڈیم آمد متوقع ہے جبکہ 20 سے 25 پاکستانی صحافی بھی میچ کے لیے آئیں گے۔دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کیساتھ میچ کیلئے بدھ کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے احمد آباد پہنچ گئی۔ قومی کرکٹرز آج پورا دن آرام جبکہ جمعرات اور جمعہ کو ٹریننگ کریں گے۔