غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے، شہادتوں کی تعداد 2 ہزار 215 ہوگئی

Published: 15-10-2023

Cinque Terre

غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 215 ہوگئی ہے۔فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سےجاری بیان کے مطابق غزہ میں رہائشی علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک 8 ہزار 714 فسلطینی زخمی ہوئے۔ شہدا اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔دوسری جانب حماس کے اسرائیل کیخلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ  میں 13 سو سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں یرغمال ہیں۔دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ  ایک دن میں 10 لاکھ شہریوں کی نقل مکانی  انسانی بحران ہے۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بیان میں کہا کہ غزہ پر شدید بمباری محض شروعات ہے۔ادھر امریکا کے وزیرخارجہ انتھونی بلنکن سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ سعودی قیادت سے غزہ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سعودی عرب نے غرہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی قرار دیا ہے۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں فضائی کارروائیوں کے ساتھ زمینی آپریشن بھی شروع کردیا ہے، اسرائیلی ایئرڈیفنس کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کیلیے کارروائیاں کی جائیں گی۔اُدھر اقوام متحدہ نے غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے طبی و بنیادی سہولیات منقطع کرنے کو غیر انسانی فعل قرار دیا اور اسرائیل سے فوری طور پر بنیادی سہولیات کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

اشتہارات