Published: 18-10-2023
ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار رنبیر کپور کے مرکزی کردار کے ساتھ فلم ’انیمل‘ کی ریلیز میں دو ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور اس میں بوبی دیول ولن کا کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم کے ٹیزر نے جہاں مداحوں کو بہت متاثر کیا وہیں یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ فلم میں بوبی دیول ایک آدم خور کا کردار ادا کررہے ہیں۔اب اداکار کی جاگران فلم فیسٹیول میں اپنے کردار کے متعلق تازہ گفتگو نے ان خبروں کو مزید تقویت دے دی ہے۔بوبی دیول کا کہنا تھا کہ وہ ’انیمل‘ کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں اور انہیں ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا کا کام بہت پسند ہے، وہ فلم میں ایک الگ طرح کا کردار کرنا چاہتے تھے جس سے انہیں چیلنج ملے اور ان کا ایک بنا بنایا امیج ٹوٹ سکے۔اداکار نے بتایا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی جب انہیں ٹیزر پر بہت اچھا رسپانس ملا اور وہ یہ بتاسکتے ہیں وہ کوئی چیز اس میں کھا رہے تھے۔واضح رہے کہ ’انیمل‘ یکم دسمبر کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔