گجرات سیشن گیٹ کے باہر جلالپور جٹاں کے رہائشی کا قتل‘پولیس ملازم کی دلیری سے قاتل موقع پر ہی آلہ قتل سمیت گرفتار

Published: 26-10-2023

Cinque Terre

(رپورٹ چوہدری نصیر افضل +چوہدری جمشید اختر)گجرات سیشن گیٹ کے باہر جلالپور جٹاں کے رہائشی کا قتل‘سیکورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس ملازم نے انتہائی دلیری سے قاتل کو موقع پر ہی آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جلالپور جٹاں کا رہائشی افضال بٹ صبح تاریخ پیشی پر آ رہا تھا جو تقریباً 8 بجے سیشن گیٹ کے باہر پہنچا تو ایک مسلح ملزم نے پسٹل سے اس پر فائرنگ شروع کردی۔ اسی دوران سیکورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس ملازم نے انتہائی دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پسٹل 30بور سمیت موقع پر ہی دبوچ کر گرفتار کرلیا۔ جبکہ اسی دوران سیشن گیٹ پر تعینات دیگر پولیس  ملازمین نے ہمراہی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جوکہ فائرنگ کرنے والے ملزم کا سگا بھائی ہے۔ فائرنگ کی ذد میں آنے والا افضال بٹ ولد مختار بٹ سکنہ جلالپورجٹاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انویسٹی گیشن ریاض احمد ناز، ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن پولیس کی بھاری نفری سمیت فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں گرفتار ملزمان کی شناخت زوہیب بٹ اور خرم شہزاد سکنائے جلالپور جٹاں کے نام سے ہوئی۔ ملزمان نے سابقہ دشمنی کی بنا  پر 61 سالہ افضال بٹ کا سفاکانہ قتل کیا۔ پی ایف ایس اے اور کرائم سین یونٹ کی ٹیموں کو بلا کر جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کئے گئے۔ نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچایا گیا۔ بعد ازاں مقتول کے بھائی اعجاز احمد کی مدعیت میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں درج کر کے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی۔ ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ نے انتہائی دلیری سے قاتل کو موقع پر گرفتار کرنے والے پولیس ملازم طاہر عزیز کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور 30 ہزار روپے نقد انعام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کا امن تباہ کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ واقع میں ملوث  ملزمان کو بہت جلد قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور مقتول کے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 

اشتہارات