اسرائیلی ٹینکوں کی پیشقدمی؛ امارات کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس

Published: 30-10-2023

Cinque Terre

جنیوا: اسرائیل کی برّی فوج کی درجنوں ٹینکوں کے ساتھ غزہ میں داخل ہونے کی کوشش پر متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دے دی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر اور اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) کی بریفنگ سنی جائے۔سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج کسی وقت منعقد ہوسکتا ہے جس میں امارات فوری جنگ بندی کی قرارداد بھی لاسکتا ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی برّی فوج کی درجنوں ٹینکوں کے ہمراہ غزہ کی جانب پیش قدمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے غزہ میں انسانی بحران میں اضافہ ہوگا۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی حماس اسرائیل جھڑپوں کے بعد سے اس اہم مسئلے پر دو بار سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوچکا ہے لیکن غزہ کی حمایت میں قرارداد کو امریکا کے ویٹو کرنے کی وجہ سے دونوں بار اجلاس بے نتیجہ ثابت ہوئے تھے۔اسرائیل کی بمباری میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 5 ہوگئی اور 21 ہزار سے زائد زخمی ہیں جب کہ حماس کے حملے میں 1400 سے زائد اسرائیلی بھی مارے گئے۔

اشتہارات