نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا میچ میں بارش کا قوی امکان

Published: 09-11-2023

Cinque Terre

بنگلور: نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین آئی سی سی ورلڈ کپ کا 41 واں میچ اہمیت اختیار کرگیا۔دونوں ٹیمیں کل جمعرات کو بنگلورو کے ایم چنوسوامی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ڈیڑھ بجے مدمقابل آئیں گی۔ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں رسائی اورسری لنکا چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گا جبکہ پاکستان کی بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اس میچ سے وابستہ ہیں۔بنگلورو میں بدھ کو بارش نہیں ہوئی تاہم محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بڑے پیمانے پر بارش کی نوید سنائی ہے۔ مقامی موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کل دوپہر 2:00 سے 6:00 بجے کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا 90 فیصد تک امکان ہے۔بارش کی وجہ سے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا جس کا فائدہ پاکستان کو ہوسکتا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ اور پاکستان کے آٹھ، آٹھ  پوائنٹس ہیں لیکن کیویز زیادہ نیٹ رن ریٹ کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔بھارت، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلے ہی ورلڈکپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ چوتھی سیمی فائنلسٹ ٹیم کے لئے پاکستان، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ میں کیوی ٹیم شکست سے دوچار ہوئی یا میچ بارش کی نذر ہوا تو پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے انگلینڈ کے خلاف میچ میں صرف فتح حاصل کرنا ہوگی اگر نیوزی لینڈ نے میچ میں فتح حاصل کی تو پاکستان کوانگلینڈ کے خلاف آخری میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔سری لنکا کو آئندہ چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے لئے اس میچ میں فتح انتہائی ضروری ہے۔ سری لنکا ٹیم ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت آٹھویں پوزیشن پر ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ آٹھ ٹیمیں آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کریں گی۔ میزبان پاکستان سمیت بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ دو ٹیموں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

اشتہارات